کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے یاسین آباد میں سو سے زائد جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
کراچی کے علاقے یاسین آباد میں جھگیوں میں لگی آگ نے شدت اختیار کرلی۔ سو سے زائد جھگیاں لپیٹ میں آ گئیں، غریب رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سامان نکالا جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچنےکے باعث آگ نے شدت اختیار کر لی۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں پانی ختم ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تاہم بعد ازاں آگ بجھانے کا کام دوبارہ شروع کر دیا گیا۔واقعے میں کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ کراچی میں آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں متعدد فیکٹریاں اور اہم عمارتیں جل کر راکھ ہو چکی ہیں لیکن حکومت نے روک تھام کے حوالے سے کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کئے۔