راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن کی خواہشمند ہے لیکن دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے جنگی مشقوں میں شریک جوانوں کے حوصلے کو بھی سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ جہلم، لائن آف کنٹرول کے جنگی ماحول میں پاک فوج کی مشقوں کا معائنہ، پاک فوج کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، سپہ سالار کا دشمن کو دو ٹوک پیغام۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشقوں میں فوجی دستوں کی تربیت کے لیے جنگی ماحول پید اکیا گیا تھا۔ مشقوں میں ٹینکس، اینٹی ٹینکس ہتھیاروں، توپ خانے اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے خطے میں امن واستحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔