اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا 22 جنوری کو نئی میڈیکل رپورٹ ملی تھی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کیا کوئی نیا میڈیکل بورڈ بنا ہے ؟ جس پر خواجہ حارث نے کہا نئے میڈیکل بورڈ کا ٹی وی پر ہی سنا ہے۔
عدالت نے وکیل خواجہ حارث کو پرانی میڈیکل رپورٹ پڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا کیا اس رپورٹ میں کوئی علاج تجویز کیا گیا ؟ وکیل خواجہ حارث نے دونوں میڈیکل بورڈز کی رپورٹ پڑھ کر سنائیں اور کہا رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو گردے میں تیسرے درجے کی بیماری ہے، میڈیکل بورڈ نے گردے اور دل کے عارضے کے باعث ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی، عدالت نیب کو نوٹس جاری کر دے اور سپیشل بورڈ کی رپورٹ منگوا کر دیکھ لے۔ عدالت نے سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔