لندن: (دنیا نیوز) لندن میں دنیا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات سے ہی ممکن ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک خون کی تحریک بن گئی ہے، مقبوضہ وادی میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کرایا جائے۔
دنیا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام لندن میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا مسئلے کے حل کیلئے برطانیہ کو ثالثی کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد نے کہا مقبوضہ کشمیر میں صدارتی نظام بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا تحریک آزادی خون کی تحریک بن چکی ہے۔
تقریب سے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یاسین، رکن برٹش پارلیمنٹ راجا یاسین، سربراہ خالصتان آزادی تحریک پرم جیت سنگھ، صدر یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس امجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بننے پر دنیا میڈیا گروپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔