مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے:‌ وزیرخارجہ ‌

Last Updated On 03 February,2019 08:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے. وہ آج صبح کشمیر کے حوالے سے عالمی کانفرنس سمیت تقریبات میں شرکت کیلئے لندن روانہ ہو گئے، وزیر خارجہ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں بھی شریک ہونگے۔

شاہ محمود قریشی آج صبح لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشنل کشمیرکانفرنس سے خطاب کریں گے۔ لندن روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینئر قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ 

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، اس حوالے سے پاکستانی موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور جبر و استبداد کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔