لندن: (دنیا نیوز) عابد شیر علی کا کہنا ہے فیصل واوڈا بتائیں انہوں نے بیرون ملک پراپرٹیز کیسے بنائیں، چیف جسٹس ان معاملات کا نوٹس لیں، کیا وفاقی وزیر نے پیسہ ہنڈی کے ذریعے منتقل کیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ لندن کے پوش علاقوں میں موجود فیصل واوڈا نے یہ جائیدادیں کن وسائل سے بنائی ہیں، ان پراپرٹیز کی مالیت پاکستانی روپوں میں لگ بھگ 14 ارب سے بھی زائد بنتی ہے۔ انہوں نے کہا چیف جسٹس صاحب سے درخواست ہے اس بارے میں جے آئی ٹی بنائی جائی، کراچی میں معصوم عوام کی خون پسینے کی کمائی بذریعہ بھتہ، چائینہ کٹنگ لندن منتقل کی گئی ہے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا اگر فیصل واوڈا نے ان جائیدادوں کی خرید کے لئے رقم پاکستان سے کسی قانونی یا بینکنگ چینل بھیجی ہیں تو وہ اس کی رسیدیں دیکھائیں۔ انہوں نے کہا پہلے تو فیصل واوڈا نے لندن اپنی کسی بھی جائیداد سے انکار کیا مگر اب آہستہ آہستہ وہ سب مان گے۔
یاد رہے اس معاملے پر سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے دعویٰ کیا تھا کہ لندن میں فیصل واوڈا کی 8 جائیدادیں ہیں، جس پر فیصل واوڈا نے کہا میری لندن میں 8 جائیدادیں نہیں ہیں اور میں عابد شیر علی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اسے ثابت کریں۔