ڈیمز کی تعمیر کو کوئی نہیں روک سکتا، میرا کوئی سیاسی مقصد نہیں: چیف جسٹس

Last Updated On 23 November,2018 02:58 pm

لندن: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ ڈیم کی تعمیر کوئی نہیں روک سکتا، جتنے چاہیں ڈیم بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد فلاح انسانیت کیلئے کام کریں گے۔

لندن کے ہوٹل میں ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیم کی تعمیر کوئی نہیں روک سکتا، دریائے سندھ پر جتنے چاہیں ڈیم بنائیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا ہے کہ آزاد ملک کسی نعمت سے کم نہیں، پاکستان کو قائداعظم جیسے ملک کے عاشقوں کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ انھوں نے دیکھا ہے کہ غریب بیوہ کی داد رسی نہیں ہوتی، انھوں نے یتیموں کا حق مرتے ہوئے دیکھا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا برطانیہ میں لوگوں کو انصاف ملتا ہے، یہاں لوگوں کو انصاف کیلئے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

لندن میں ڈیم فنڈ کیلئے پہلا فنڈ ریزنگ ڈنر ہوا، تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں نے عطیات کے ڈھیر لگا دیئے۔ ایک ارب روپے سے زائد کے عطیات ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا۔ وکلا کا کہنا ہے ڈیم فند کیلئے ہر کوئی بھرپور حصہ لے رہا ہے۔

تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی نے بھی چیف جسٹس کے اس اقدام کو سراہا۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیار غیر میں رہ کر بھی مادر وطن کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
 

Advertisement