کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کثیرالملکی چھٹی بحری امن مشقوں 2019 کا آغاز ہوگیا، امن مشقوں میں 46 ممالک کی بحری افواج شرکت کر رہی ہیں، مشقوں سے بحری تعاون اور سلامتی کے ہدف کے حصول کیلئے دوست ممالک کی بحری افواج کو جمع کرنے میں مدد ملے گی۔
کراچی میں کثیرالملکی امن مشقیں 8 فروری سے 12 فروری تک جاری رہیں گی، مشقیں 2 اہم مراحل ہاربر فیز اور سی فیز پر مشتمل ہوں گی۔ سی فیز میں سمندر میں مشقوں کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ ہاربر فیز میں سیمینارز مباحثے اور عملی مظاہرے منعقد ہوں گے۔
دنیا کے 46 ممالک کی بحری افواج مشقوں میں شرکت کر رہی ہیں، امن مشق میں ہیلی کاپٹرز، سبمیرین، سپیشل سروسز سمیت پاکستان آرمی اور رینجرز کا بینڈ بھی شامل ہوگا۔ پاک بحریہ حکام کا کہنا ہے مشقوں کا مقصد دنیا بھر کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے، مشقیں بحری قذاقی سمیت دیگر سمندری چیلنجز سے نمٹنے میں سود مند ثابت ہوگی۔