صوابی: (دنیا نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی اپنی سیاسی جماعت اور ان کی اپنی مرضی ہے، وہ کچھ بھی کہیں لیکن میں قومی اسمبلی کے معاملات چلانے کے لیے کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا۔
شیخ رشید کی بیان بازی پر اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی خاموشی توڑ دی، اسد قیصر نے وزیر ریلوے کو جواب دیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو پتہ نہیں کیا مسئلہ ہے، وہ بحیثیت اسپیکر رولز پر چلیں گے اور ڈکٹیشن نہیں لیں گے، انہوں نے تمام معاملات پر وزیراعظم سے بات کرنے کا بھی اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وزیر ریلوے شیخ رشید اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بننے کے خلاف ہیں اور وہ بھی کمیٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید مسلسل میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور گزشتہ روز بھی انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا رکن ہوں، اسپیکر کا کوئی اختیار نہیں کہ مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نہ بنائے، اسپیکر نے مجھے پی اے سی کی رکنیت نہ دے کر غلط کیا، میرا معاملہ عمران خان کے ساتھ سیٹل ہے۔