فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ گردے کی پتھری کا علاج دم سے بھی ہو جاتا ہے، یہ ڈھیٹ ہو چکے، بیس سال پہلے بھی ان کو یہی بیماریاں تھیں، کرپشن کے بڑے مجرم موجیں کر رہے ہیں، ایسا ہی کرنا ہے تو چھوٹے چوروں کو رہا کردیا جائے۔
فیصل آباد میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف پتھری کا علاج کروانے اسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں لیکن انکو لال حویلی آنا چاہئیے۔ لال حویلی میں انہیں ہر مرض کا مکمل علاج ملے گا۔ صرف ایک دم کرونگا اور میاں صاحب کی پتھری نیچے چلی جائے گی۔
فیصل آباد میں پاکستان ہوزری مینوفیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اسپیکر اسمبلی کے قدموں میں بیٹھ کر منتیں کر رہے ہیں کہ شیخ رشید کا نام پبلک اکاوّنٹس کمیٹی میں شامل نہ کیا جائے، ملک کا پیسہ لوٹنے اور کرپشن کے بے تاج بادشاہ جیلوں سے باہر ہیں جبکہ اگر کوئی چھوٹا آدمی موبائل بھی چوری کرتا ہے تو اسے کئی سال تک قید کاٹنا پڑتی ہے، اگر ایسا ہی کرنا ہے تو میں وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جیلوں میں چوری کے مقدمات میں قید چھوٹے چوروں کو رہا کر دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے دنیا کی سب سے مہنگی اورنج لائن ٹرین چلائی جبکہ ہم نے پُرانی خراب ٹرینوں کو مرمت کرتے ہوئے بیس ٹرینیں چلائی ہیں، اگر ہمیں صرف دو ملین ڈالر دئیے جائیں تو ہم ریلوے ٹریک ڈبل کر دیں گے، فیصل آباد کے تاجر اگر ہمیں تیل اور ٹریک کے پیسے دے دیں تو ہم روزانہ کی بنیاد پر بھی مال گاڑی چلانے کیلئے تیار ہیں، رانا ثناء اللہ کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید تقریب سے یہ کہتے ہوئے اُٹھ کھڑے ہوئے کہ رانا ثناءاللہ کا نام لینے سے بدبو آتی ہے اس لئے کوئی بات بھی کرنا پسند نہیں کرتے۔