ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے کی جتنی مزاحمت کی جائے کم ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اگر وہ ملوث پائے گئے تو جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ انھیں نشان عبرت بنا کر مثال قائم کریں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جانتا ہوں، وہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دے گا۔ سانحہ ساہیوال میں قوم کی ڈیمانڈ تھی جس کے مطابق سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قوم نے جو ردعمل دیا ہے اگر اسی طرح وہ متحد رہی تو ملک میں کوئی چور لوٹیرا بچ نہیں پائے گا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا ممبر بن سکتا ہوں، ممبر بن کر شہباز شریف کا احتساب کروں گا جو دوسروں کا احتساب کر رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہو گیا اور میں کہتا ہوں عمران خان امریکہ نہیں جائے گا بلکہ امریکہ عمران خان کے پاس آئے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ مارچ تک سب چوروں کا جھاڑو پھر جائے گا، حکومت ان لوگ کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے۔
ق لیگ کے بارے میں پوچھے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے، حکومت کے ساتھ ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے۔