اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان سے راولپنڈی ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
وزیر اعظم سے راولپنڈی ڈویژن کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر صحت عامر کیانی، وزیر پٹرولیم غلام سرور ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی ملاقات میں موجود تھے، ارکان قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرت ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حج سبسڈی اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نے حج اخراجات میں اضافے کو حکومت کی مجبوری قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں حج اخراجات میں 35 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جانتا ہوں کہ حج کے لئے لوگ سارا سال پیسے جمع کرتے ہیں، حکومت کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔
وزیراعظم کنے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو فنڈز دینے کی یقین دہانی کرا دی، ذرائع کے مطابق مقامی حکومتوں کے فعال ہونے کے بعد ارکان کو ترقیاتی فنڈز نہیں ملیں گے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے نالہ لئی ایکسپریس وے اور اسپتالوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعظم نے راولپنڈی میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی۔