لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی اے سی شہباز شریف کی حمایت میں پیپلزپارٹی میدان میں آ گئی، آصف زرداری سے خورشید شاہ نے ملاقات کی جس میں معاملے پر سخت موقف رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، سابق اپوزیشن لیڈر نے شہبازشریف کو ہٹانے کی صورت میں قومی اسمبلی کو جام کرنے کی وارننگ دیدی۔
شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی حکومتی حکمت عملی کےخلاف پیپلزپارٹی ڈٹ گئی اور کھل کر سامنے آ گئی۔ شریک چیئرمیںن سابق صدر آصف زرداری سے خورشید شاہ نے نوابشاہ میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے پی اے سی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سابق اپوزیشن لیڈر نے اس سے پہلے ایک بیان میں حکومت کو چیلنج کیا اور کہا کہ اگر سرکاری رویہ تبدیل نہ ہوا تو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، انکا کہنا تھا کوئی شہباز شریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لا کر دکھائے، ماضی میں پی ٹی آئی ارکان ایوان میں رقص کرتے اور ٹیبل پر کھڑے ہو جاتے تھے، اب حکومت نے ڈگر نہ بدلی، تو اپوزیشن کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا، اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے چلانے نہیں دیں گے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران خان کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات، پاکستان کی تذلیل ہے، کشکول توڑنے اور خود کشی کا اعلان کرنے والا خود آئی ایم ایف کے سامنے پیش ہوا۔