پلوامہ حملہ: پاکستان کا سفارتی سطح پر سخت جوابی موقف دیئے جانے کا امکان

Last Updated On 15 February,2019 03:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے پلوامہ حملے پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے الزام پر جلد سفارتی سطح پر سخت جوابی موقف دیے جانے کا امکان ہے۔

 بھارت پاکستان دشمنی میں اندھا ہو گیا، پلوامہ میں حملے کو 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے اور پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کر کے الزام پاکستان پر دھر دیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے جلد سفارتی سطح پر سخت جوابی موقف دیئے جانے کا امکان ہے۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے بغیر تحقیق کے پلوامہ حملے کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر حملے کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارتی فارن آفس میں طلبی بلاوجہ ہے، بغیر تحقیق کے حملے کو پاکستان سے جوڑنے کے بھارتی میڈیا اور بھارتی حکومت کے الزام کو مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملہ پر شدید تشویش ہے۔