اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 'کامیاب جوان' پروگرام فوری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، پروگرام کیلئے 200 ارب مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، مائیکرو اینڈ اسمال فنانسنگ کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی۔
وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے 200 ارب روپے مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا، منصوبے سے ملک کے 10 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی، سٹیٹ بینک کی معاونت سے مائیکرو اینڈ سمال فنانسنگ کی حکمت عملی طے کرلی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری ملتے ہی پروگرام باقاعدہ شروع کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے نوجوانوں تیار رہیں حکومت زبردست پیکج لا رہی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی فراہمی کا مرحلہ فوری شروع ہو رہا ہے، وزیراعظم سے مشاورت جاری ہے، مزید منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں۔