پشاور: (دنیا نیوز) اسد عمر کا کہنا ہے آئی ایم ایف نے پوزیشن تبدیل کرلی، امید ہے جلد معاہدہ ہوجائےگا، ٹیکس نیٹ بڑھائے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
وفاقی وزیرخزانہ پشاور میں چیمبر آف کامرس سے خطاب کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ایران اورافغانستان کےساتھ تجارت بڑھانےکی ضرورت ہے، خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ترکی اور ایران کو گیس منصوبوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن کردار اداکر رہے ہیں۔ طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھلنا چاہیے، تجارت بڑھے گی تو برآمدات میں اضافہ ہو گا جس سے پاکستان کی معیشیت مضبوط ہو گی۔
وزیرخزانہ اسد عمر نے مزیدک کہا کہ کرک،لکی مروت اورکوہاٹ میں گیس دریافت ہوئی ہے، بلوچستان سے آنے والی بیلٹ میں معدنیات کا ذخیرہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضروت ہے، ٹیکس نیٹ بڑھائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔