اسلام آباد (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق سعودی ولی عہد کی آمد پر 18 فروری پیر کے روز وفاقی دارلحکومت میں عام تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کے معاملے پر سینیٹ کے ملازمین کو بھی پیر کی چھٹی دے دی گئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیر کو تعطیل کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کی آمد پر ریڈ زون مکمل سیل کر دیا جائے گا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ملازمین کو آنے جانے میں مشکلات سے بچانے کے لئے چھٹی دی گئی، ایوان بالا کے ملازمین اب منگل کو اپنی ڈیوٹی پر آئیں گے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2 روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے، معزز مہمان کے استقبال کیلئے خیر مقدمی بینرز آویزاں کر دیئے گئے، سعودی ولی عہد کی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوگی، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر معزز مہمان کیلئے بڑے بڑے خیر مقدمی بینرز لگائے گئے ہیں، دونوں ملکوں کے قومی پرچم بھی لہرا رہے ہیں، استقبال کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاہور مال روڈ پر بھی خیر مقدمی بینرز آویزاں ہیں جس میں سعودی ولی عہد سے بھرپور محبت اظہار کیا گیا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی ولی عہد کے دورے سے پہلے سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے سعودی عرب کے دوروں سےتعلقات کو وسعت ملی ہم چاہتے ہیں سعودی عرب سے تعلقات تزویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔