ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا نہیں کر سکتا۔ ہم ہندوستان سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے نہ دھمکیوں سے ڈریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعہ پر ہندوستان نے بغیر تحقیق کے پاکستان پر الزام لگایا۔ اگر ہندوستان کے پاس واقعہ کے کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو بتائے ہم مکمل تعاون کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی دھمکیوں سے ہم مرعوب نہیں ہوں گے۔ پلوامہ حملے بارے وزیراعظم نے مفصل موقف دیا ہے۔ پلوامہ واقعہ افسوسناک، انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تحقیقات میں تعاون سے کبھی انکار نہیں کیا۔ انڈیا میں الیکشن کا ماحول ہے جس کی وجہ سے بلا وجہ کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا جنرل اعتراف کر چکا ہے کہ پلوامہ واقعہ میں ہندوستانی حملہ آور ہی ملوث ہے۔ کشمیر معاملے پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو خط لکھا ہے جو سلامتی کونسل کے تمام ممبران میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ 21 فروری کو سینئر سفارتکاروں کو بلا کر اس معاملے پر ایک مربوط پالیسی بنائی جائے گی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کیس بارے پاکستان کے پاس مکمل شواہد موجود ہیں اور کلبھوشن بھی اعتراف جرم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ نے ایران بارے موقف کا اظہار نہیں کیا۔ پاکستان ایران اور سعودی عرب کا دوست ہے اور دونوں کے ساتھ غیر جانبدار تعلق رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور قوم سے درخواست ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر ایک موقف رکھا جائے۔