شاہ محمود کی بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات

Last Updated On 19 February,2019 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کی جس میں پلوامہ حملے کے بعد پاکستان پر بھارتی الزامات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے، بدامنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں، تمام صورتحال کا سنجیدگی سے بغور جائزہ لے رہے ہیں، تمام صورتحال سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کر دیا۔ یاد رہے پاکستان نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کو مشاورت کیلئے اسلام آباد طلب کیا تھا۔

ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر ہی پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، بھارت کے ہی مطابق پلوامہ حملے کا حملہ آور کشمیری تھا لیکن اس نے سارا الزام پاکستان پر دھر دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے خطے کا ماحول کشیدہ بنا رہا ہے، اس لیے کشیدگی کے خاتمے کیلیے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے۔
 

Advertisement