اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے پلوامہ حملے کے فوری بعد پاکستان کیخلاف لگائے گئے من گھڑت الزامات اور اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیش محمد 2002ء سے کالعدم تنظیم ہے۔ تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، جو ماضی میں بھی ہمیشہ ناکام رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ویڈیو بیان بھارتی دعوے کی تصدیق کرتا ہے تو پھر بھارت کو کلبھوشن یادیو کے بیان کو بھی تسلیم کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادوی کا بیان تو رضاکارانہ طور پر ریکارڈ کیا گیا تھا جو بھارت کا حاضر سروس نیوی افسر ہے۔ بھارت کو اپنی انٹیلی جنس کی ناکامی پر توجہ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات کی بحالی چاہتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت امن کی طرف ایک قدم چلے تو ہم دو قدم چلنے کو تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ داخلی سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے سیکیورٹی مسائل کا استعمال خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہے۔ کشمیری نوجوانوں کو ریاستی تشدد سے دبانے کی بجائے بھارت کو میں نہ مانوں کی رٹ سے باہر آنا چاہیے۔