لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز کی جناح ہسپتال آمد پر دھکم پیل کے دوران کیمرہ سر پر لگ گیا۔ نواز شریف کے علاج کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارشات ایوان وزیراعلی کو بھجوا دی گئیں۔
ادھر نواز شریف کے علاج کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے سفارشات ایوان وزیراعلیٰ کو بھجوا دیں، سفارشات میں میڈیکل سمیت دیگر ٹیسٹ کی رپورٹس لگائی گئیں۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی انجیو گرافی کا فیصلہ خاندان والوں نے کرنا ہے، سابق وزیراعظم کو مزید کتنے دن ہسپتال میں رکھنا ہے، رپوٹس دیکھنے کے بعد فیصلہ ہوگا۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا جناح ہسپتال میں نویں روز بھی دل کے مرض بارے کوئی فیصلہ نہ کیا جا سکا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان جناح ہسپتال پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج کے حوالے سے بہتر معلومات پرنسپل عارف تجمل ہی دے سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عدنان نے کہا نواز شریف عارضہ قلب سمیت متعدد امراض میں مبتلا ہیں، انخیو گرافی کے حوالے سے جیسے کہا جائے گا ویسے کریں گے، تمام میڈیکل بورڈز نے بھی نواز شریف کے عارضہ قلب کو حساس بتایا ہے، انجیو گرافی سے ہی معلوم ہو گا کہ بیماری کی نوعیت کیا ہے۔