کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی، حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جان سے گئے، امدادی ٹیمیں صبح سے کارروائی میں مصروف ہیں۔
کراچی کا علاقہ ملیر جعفر طیار سوسائٹی جہاں صبح سویرے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ حادثے میں خاتون سمیت اور عمارت کے مالک سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، بچے اور ایک شخص کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔
شاول، کٹر اور ہیوی مشینری کے ذریعے ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ عمارت میں 7 سے 8 افراد اور کچھ مزدور بھی موجود تھے۔ 6 سے 7 سال پرانی عمارت کمزور ہو گئی تھی جس کے بعد مالک نے بلڈنگ خالی کرنے کیلئے نوٹس دیئے اور مزدوروں سے مرمتی کام شروع کروا رکھی تھی، واقعے میں کچھ رہائشی خوش قسمتی سے بچ گئے۔
میئر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اور دیگر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی۔ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ کمشنر کراچی پہنچ کر ریسکیو کاموں کی نگرانی کریں، ہر صورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔