اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ایک قدم بڑھائیں، ہم دو بڑھائیں گے لیکن کشمیر کے بغیر یہ قدم بہت بھاری ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دس کشمیریوں پر ایک سپاہی کھڑا کرکے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ ہم بھارت کیساتھ تین جنگیں لڑ چکے، چوتھی بھی لڑ سکتے ہیں تاہم ایک آپشن مذاکرات کا ہے، آئیں بیٹھیں آپ اپنا اور ہم اپنا مدعا سامنے رکھیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ریاست کی رٹ بربریت کا نام نہیں ہے۔ لوگوں کو گولیاں مار کر ریاست کی رٹ قائم نہیں کی جا سکتی۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد حالات خراب ہوئے۔ بھارت حقائق کو چھپا نہیں سکتا۔ لہو بہنے سے آگ بجھتی نہیں بھڑکتی ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلسل غربت بڑھ رہی ہے۔ ہم ایک بار پھر اسے مذاکرات کی آفر کرتے ہیں لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے ہی بجے گی۔