مودی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑے، پاکستان کو بنیاد نہ بنائے: فواد چودھری

Last Updated On 20 February,2019 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو بنیاد نہ بنائیں بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں۔

 

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھارت پر واضح کیا کہ پاکستان افواج کی بہادری کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ ہماری عوام ملک اور پاکستانی فوج کیساتھ کھڑے ہیں۔ کوئی مائی کا لعل پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت مذاکرات کرے گا تو ہم تیار ہیں لیکن اگر کوئی حرکت ہوئی تو پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں، مودی پاکستان مخالف مہم نہ چلائیں۔ بھارت جھوٹ کی دیوار پر تنہا کھڑا ہے۔

بھارتی جاسوس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کلبھوشن یادیو کو 47 سال کی عمر میں ریٹائرڈ کیا، سوال یہ ہے کہ کلبھوشن کو عمر کی حد سے پہلے کیوں ریٹائرڈ کیا گیا؟ اس کے پاس بھارتی پاسپورٹ ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا کیس بہت مضبوط ہے۔