لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے بھارت کی طرف سے پیدا کردہ صورتحال پر گول میز کانفرنس یا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز دیدی۔ رحمن ملک کہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہے، بھارت نے ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو بھرپور جواب ملے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رحمن ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بڑا ڈرامہ کروا کر الیکشن جیتنا چاہتا ہے۔ پلوامہ واقعہ میں کانگریس کے خلاف ہاتھ ہو گیا ہے۔
رحمن ملک نے کہا کہ بھارت کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتا ہے۔ بارڈرز کو گرم کر کے سرجیکل سٹرائیک کی بات کریں گے لیکن یہ کوئی بھی کارروائی کر سکتا ہے۔ اگر ان کے پاس ڈرون ہیں تو ہمارے پاس اس سے بڑے ڈرونز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ہوا مودی کی غلط پالیسیاں ہیں۔ ساری قتل وغارت الیکشن کے قریب کیوں ہوتی ہے؟ ساری قوم کو بتانا چاہیے۔ اس معاملے پر گول میز کانفرنس یا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے کیونکہ حالات ٹھیک نظر نہیں آ رہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی پلوامہ حملے کو الیکشن کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اس طرح کی حرکات کر کے اگر وہ سمجھتے ہیں ہمیں جھکا لیں گے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر یہ دہشت گردی کا حملہ ہے تو اس کی ذمہ داری بھی مودی پر ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جیسے کرنل پروہت سمجھوتہ ایکسپریس میں ایکسپوز ہوا یہاں بھی ایسا ہی ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا بیان اچھی بات ہے، مودی جان لے کہ ہم ایک ہیں، ہم ایٹمی طاقت ہیں اور اگر ایڈونچر ہوا تو بھرپور جواب دیں گے۔