بھارت حواس باختہ، ترجمان دفتر خارجہ کا ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کروا دیا

Last Updated On 19 February,2019 11:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پلوامہ حملے اور ہیگ میں کلبھوشن کیس میں ہونے والی سبکی چھپانے کے لیے جھوٹی شکایت لگا کر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کروا دیا۔

ذرائع کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پاکستان مخالف اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں جبکہ عالمی عدالت انصاف میں شکست کے اور یورپین پارلیمان میں سبکی نے بھارت کی چیخیں نکال دیں اور بھارتی حکومت نے باقاعدہ ٹوئٹر انتظامیہ کو ڈاکٹر فیصل کے اکاؤنٹ کی شکایت کر دی۔

شکایت ٹوئٹر کے بھارتی ریجن آفس کو کی گئی جس پر ٹوئٹر انتظامیہ نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت عالمی عدالت انصاف میں شکست نظر آنے پر گھٹیا حرکتیں کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے پر بھارت نے اوچھا ہتھکنڈا استعمال کی۔

ڈاکٹر فیصل ذاتی اکاؤنٹ سے بھارتی دہشتگرد کمانڈر کلبھوشن مقدمے کی پل پل کی خبر دے رہے تھے۔ بھارت کو ڈاکٹر محمد فیصل کے اکاؤنٹ پر دوسری بار شدید تکلیف ہوئی۔

دو ہفتے قبل بھی ڈاکٹر محمد فیصل کے ٹوئٹر اکاونٹ پر بھارتی ہیکرز نے حملہ کیا تھا۔ بھارتی ہیکرز نے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر بھی سائبر حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔