نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے پیشکش کر دی۔ پاکستان نے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی دھمکیوں سے آگاہ کر دیا۔ ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل اور صدر سے ملاقاتیں بھی کیں۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا مسئلہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور صدر سے خطے کی صورتحال کے پیش نظر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غاصبانہ کارروائیوں کی جانب بھی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اس حقیقت کا ذکر کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں قائم کردہ شدت کی فضا کا نتیجہ ہے، اس واقعے کو پاکستان سے جوڑ کر بھارت خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے جو افغان امن عمل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے میں صورت حال کشیدہ ہو تاہم بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہم جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں۔