دبئی: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف نے بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوئی بھوٹان نہیں، بھارت اگر کوئی حرکت کرے گا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پرویز مشرف نے کہا کہ کشمیر بھارت کا نہیں ہے۔ کشمیرکا فیصلہ کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کوئی بھی کشمیری بھارت کیساتھ نہیں ملنا چاہتا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ جو نہتے لوگوں کو مارتے ہیں کیا وہ دہشت گرد نہیں ؟
اںڈین اینکر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نہیں بلکہ نریندر مودی مہرہ بنا ہوا ہے۔ عمران خان اپنی مرضی سے حکومت چلا رہے ہیں اور اپنی سوچ کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاملات میں فوج کوئی مداخلت نہیں کر رہی۔ میرے دور میں کشمیر کے مسئلے پر بات چیت ہو رہی تھی۔ بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔