لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کہتے ہیں کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ آصف زرداری نے خبردار کیا کہ بھارت ہماری پرامن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے۔ چودھری برادران کا کہنا ہے کہ جنگ شروع کی تو بھارت کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
بھارتی دراندازی کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آ گئی ہیں۔ اپوایشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا، ملکی دفاع کی خاطر وہ خود محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری نے خبردار کیا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کی پرامن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے، قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
بلاول بھٹو نے پاکستان اور انڈیا کی امن پسند قوتوں سے سامنے آنے کی اپیل کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ملکی دفاع کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
چودھری شجاعت نے کہا کہ نریندر مودی اپنا الیکشن جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آیا۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو اُسے بھاگنے نہیں دیں گے۔
مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ نگہت اورکزئی نے جنونی مودی کو چوڑیاں بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو اسے نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔