لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ توانائی کے اجلاس میں وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل اکاون کے تحت سندھ میں پیدا ہونے والی گیس پر پہلا حق سندھ کا ہے، سندھ حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ توانائی کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سی سی آئی کا اجلاس گذشتہ تین ماہ سے نہیں ہوا۔ وفاقی حکومت کو سی سی آئی اجلاس بلانے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل اکاون کے تحت سندھ سے پیدا ہونے والی گیس پر پہلاحق سندھ کا ہے۔ سندھ کو اگر گیس پوری نہیں مل رہی تو پروڈکشن کے اعتبار سے اس کی قیمت ملنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی کو اپنی ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر کیس بنانے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں نئی بنائی گئی صوبائی گرڈ کمپنی کو مضبوط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ، سیکریٹری توانائی مصدق و دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔