کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس اہلکار ایڈیشنل آئی جی کی واننگ کے باوجود بھی مفت کا کھانا کھانے سے باز نہ آئے، تیموریہ تھانے کے اہلکاروں کی ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
کراچی میں تیموریہ تھانے کے پولیس اہلکاروں کی کھانا کھانے کے بعد پیسے نہ دینے کی ویڈیو وائرل ہونے پر دونوں اہلکار دین محمد اور امین کو معطل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق وائرل وڈیو میں اہلکاروں سے دکانداروں کی تکرار ریکارڈ بھی کی گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکار بریانی لینے کے بعد بنا پیسے دیئے چلے گئے تھے جبکہ چند ماہ قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے سختی سے احکامات جاری کئے تھے کہ کوئی پولیس اہلکار کسی بھی ہوٹل سے مفت کا کھانا نہیں کھائے گا اور اگر کسی شہری کو اس حوالے سے کوئی شکایت ہو تو وہ براہ راست کراچی پولیس آفس میں شکایت درج کرے۔