اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کا انتخاب منگل کو ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کو انسانی حقوق کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔ مواصلات کمیٹی کی سربراہی ن لیگ کو دی جائے گی۔
قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کا انتخاب کل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق مواصلات کمیٹی ن لیگ کو ہی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عباد اللہ یا رانا اسحاق کا چیئرمین بننے کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید عباداللہ کو چیئرمین بنانے کے مخالف ہیں کیونکہ وہ ن لیگ کے رہنما امیر مقام کے بھتیجے ہیں اور امیر مقام پر این ایچ اے کے ٹھیکوں میں کرپشن کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ ریاستوں اور سرحدی امور کی کمیٹی کا چیئرمین پیپلز پارٹی کے ساجد طوری کو بنایا جائے گا۔