کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو نے پارٹی کے صوبائی معاملات میں مداخلت، بعض رہنماؤں کی جانب سے گروپ بندی اور پارٹی کے چیئرمین وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بااختیار صوبائی صدر بنانے کے وعدے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
امیر بخش بھٹو کے قریبی ذرائع کے مطابق پارٹی کے صوبائی صدر امیر بخش بھٹو اور صوبائی جنرل سیکریٹری کے مابین کئی ماہ سے اختلافات چل رہے تھے۔ صوبائی صدر امیر بخش بھٹو نے کئی بار پارٹی کے معاملات میں بے جا مداخلت، گروپ بندی اور دیگر معاملات کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا، مگر ان کے خدشات دور نہیں کیے گئے ، جس کے بعد انہوں نے پارٹی کی صوبائی صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں پارٹی میں ایک عام کارکن کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا۔ ان کے استعفے کی تصدیق ان کے قریبی ساتھی انور گجر نے بھی کی ہے۔