اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سینیئر سفارت کار شرکت کریں گے، اجلاس موجودہ صورتحال میں مشاورت کے لئے طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت انتخابات کی خاطر خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی، ان کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی افواج ملک کے دفاع کیلئے تیار ہیں، دفتر خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کروں گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا شہدا کی قربانیوں سے امن قائم ہوا، ہم نے دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ لڑی ہے، امن پسند قوم ہیں، دہشتگردی کے نقصانات جانتے ہیں، ناپاک حرکات پر بھارت ہوش کے ناخن لے، بھارت پاکستان کو نہ للکارے، قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، محافظ موجود ہیں۔