پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں تاجر اور عوام بھارت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، چوک یادگارمیں بڑی ریلی نکالی گئی، مظاہرین بھارتی وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
ہا تھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے تاجروں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے اس ریلی میں شرکت کی۔ پشاور چوک یاد گار میں سب جمع ہوئے اور ہندوستانی وزیر اعظم کو للکارا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ارض پاک کو کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے، وقت پڑا تو ہر پٹھان اپنے سندھی اور پنجابی بھائی کے شانہ بشانہ کھرا ہوگا۔
ریلیوں کے شرکاء کا کہنا تھا کہ انڈیا ہمیں منقسم قوم نہ سمجھے اگر کسی نے میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ قبائلی اضلاع میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں، خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں قبائلیوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم دہرایا۔