نئی دلی: (دنیا نیوز) بھارتی وزیراعظم مودی نے راجستھان میں جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ جب پاکستان کو نیا وزیراعظم ملا تو میں نے عمران خان کو مبارک باد دی، میں نے عمران خان کو کہا کہ ہمیں مل کر غربت اور جہالت کوختم کرنا ہوگا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں پٹھان کا بیٹا ہوں، اپنے الفاظ پر قائم رہوں گا۔
بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ دیکھنے کا وقت ہے کہ کیا پٹھان کا بیٹا عمران خان اپنے الفاظ پر قائم رہتا ہے، ہماری لڑائی کشمیر کیلئے ہےنہ کہ کشمیریوں کے خلاف،جموں وکشمیر میں آزادی پسندوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے فوج کو" فری ہینڈ" دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس ہوا تھا جس کے بعد اجلاس اعلامیہ جاری کر دیا گیا تھا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہونے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی محاذ آرائی کا بھرپور جواب دیا جائے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار جانوں کی قربانی دی۔
قبل ازیں، اجلاس میں پلوامہ واقعے کے بعد کی صورتِ حال پر غور کیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پلوامہ واقعے میں پاکستانی ریاست ملوث نہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ واقعے پر پاکستان نے تحقیقات کی مخلصانہ پیش کش کر دی ہے، امید کرتے ہیں بھارت پاکستان کی پیش کش کا مثبت جواب دے گا، بھارت نے پلوامہ حملے پر ثبوت دیے تو پاکستان کارروائی کرے گا۔