اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد انتظامیہ نے متعدد مساجد اور مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ 10 سے زائد امام اور مہتمم تبدیل کر دیئے، راولپنڈی میں ایک ہسپتال، 2 ڈسپنسریاں اور مدرسہ پنجاب حکومت نے تحویل میں لے لیا۔
وزارت داخلہ کے احکامات پر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے متعدد مساجد اور مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا، مختلف مساجد میں محکمہ اوقاف کے امام مسجد تعینات کر دیئے گئے۔ جڑواں شہر راولپنڈی میں چاکرہ اور اڈیالہ روڈ پر 2 ڈسپنسریاں، ابوبکرہسپتال اور مدرسہ بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ علما پریشان نہ ہوں، یہ اقدامات پہلے سے طے شدہ تھے، کسی بیرونی دباؤ کا نتیجہ نہیں۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان 2014 کے مطابق آپریشن جاری رہے گا، کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔