اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں محسن حبیب کی عدم گرفتاری پر کہا ہے نیب کا آنگن ہی ٹیڑھا ہے، بااثر کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا۔ عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ محسن حبیب کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟ اتنا بڑا کیس ہے اور وہ آرام سے گھوم رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا محسن حبیب کو نیب نے طلب کیا تھا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا نیب نے ان کو چائے پلائی اور کیک کھلائے ہوں گے۔
نیب پراسیکیوٹر نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ ان کو گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا سپریم کورٹ کا حکم صرف 2 دن کیلئے تھا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے نیب کو آخر تکلیف اور پریشانی کیا ہے ، نیب کیا کر رہا ہے ؟ نیب کی ہر چیز میں گڑ بڑ ہے ، کیا کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نیب پراسیکوٹر جنرل اور محسن حبیب آئندہ ہفتے اگلی سماعت پر پیش ہوں۔