کراچی: 130 ٹریفک سگنلز میں سے 38 خراب ہونیکا انکشاف

Last Updated On 07 March,2019 02:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میٹرو پولیٹن شہر کراچی میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہو گیا، شہر میں لگے 130 سے زائد ٹریفک سگنلز میں سے 38 خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ آئی جی سندھ نے ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو خط لکھ دیا۔

کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ٹریفک کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں، شہر کے اہم مقامات پر کہیں ٹریفک پولیس نظر آتی ہے تو کہیں کوئی اہلکار نہیں ہوتا۔ شہر میں 38 سگنلز کی خرابی بھی ٹریفک جام کی بڑی وجہ بن گئی۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ٹریفک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

مصروف ترین ڈسٹرکٹ سٹی کے 18 سگنلز خراب پڑے ہیں، ریڈ زون اور پوش علاقے پر مشتمل ڈسٹرکٹ ساوتھ کے 8 سگنلز، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے 4، ایسٹ کے 5، ویسٹ میں ایک اور ملیر میں 2 سگنلز کی بتیاں گل ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر 130 سے زائد ٹریفک سگنلز موجود ہیں۔ ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے 5 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیتے ہیں۔