لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور نے ایک عرصے سے مطلوب اور مفرور ملزمان کی تفصیلات جاری کر دیی ہیں جن میں مختلف کیسز میں ملوث 143 ملزمان شامل ہیں۔ نیب حکام نے انٹیلی جنس ونگ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق نیب لاہور نے مطلوب و مفرور ملزمان کی تفصیلات جاری کردی ہیں اور نیب انٹیلی جنس ونگ کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک بھی سونپ دیا ہے۔بتایا گیا ہےکہ نیب لاہور کو گزشتہ کئی برسوں سے مجموعی طور پر 143 مفرور ملزمان کی تلاش ہے۔
نیب لاہور نے بیرون ملک مقیم سیاسی شخصیات یا ان کے اہل خانہ کو وطن واپس لانے کے لئے بھی اقدامات شروع کر دیئے جس کے بعد نیب لاہور کے انٹیلی جنس ونگ نے مفرور و مطلوب ملزمان کی بروقت گرفتاری کے لئےتیاریاں کر لی ہیں۔ نیب کو مطلوب افراد میں اعجاز احمد اعوان، عمران شفعی، محمد سعید ظفر، زاہد پرویزملک اورشاہد شہباز کے نام شامل ہیں۔