اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم آفتاب میمن کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے نیب کو ملزم آفتاب میمن کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کر دی۔
نیب نے سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام میں گرفتار سابق کے پی ٹی افسر آفتاب میمن کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا سارا ریکارڑ آفتاب میمن نے چھپا رکھا ہے، ہمیں جعلی بنک اکاؤنٹس کی تحقیات جلد مکمل کرنے کیلئے یہ گرفتاری ضروری تھی، آفتاب میمن نے ایسے کیا جیسے فتح جنگ کی زمین ای سیون میں الاٹ کر دی جائے، ملزم نے بہت سا ریکارڈ چھپا رکھا ہے، ملزم کی گرفتاری کے بغیر یہ ریکارڈ نکلوانا ممکن نہیں تھا۔
قبل ازیں جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق سیکرٹری آفتاب میمن کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ نیب اعلامئے کے مطابق نیب راولپنڈی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے آفتاب میمن کو گرفتار کرلیا۔ آفتاب میمن کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق سیکرٹری ہیں۔ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور سیکشن نائن اے فائیو کے تحت کرپشن کے الزامات ہیں۔
نیب اعلامئے کے مطابق ملزم آفتاب میمن نے کراچی کے ضلع ملیر کی سکیم کے سیکٹر چالیس میں سات ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر پنک ریزیڈینسی کو الاٹ کی جس سے قومی خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔