اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے جرمن وزیر خارجہ ہائیکوماس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب بھی شریک تھے جبکہ پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے جرمن وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ ملاقات میں پاک جرمنی دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی اور پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل جرمن وزیر خارجہ ہائیکوماس نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دراندازی اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن وامان کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی جارحیت کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو انڈیا کے حوالے کیا۔
جرمن وزیر خارجہ کی طرف سے دونوں ممالک کو اپنے معاملات بذریعہ مذاکرات حل کرنے پر زور دیا گیا۔ ہائیکوماس کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری میں فروغ پراتفاق بھی کیا۔