پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے ہر پندرہ دن بعد کابینہ اجلاس بلانے اور پہلا ایجنڈا فاٹا کے اضلاع سے متعلق رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں قبائلی اضلاع میں ترقی کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
سول سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ محمود خان کے زیر صدارت تین نکاتی ایجنڈے پر مشتمل کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
فاٹا انضمام سے متعلق امور اور امن وامان کی مجموعی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کابینہ کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد بلایا جائے جس کا پہلا ایجنڈا سابقہ فاٹا کے صوبے میں انضمام سے متعلق ہوا کرے گا۔
انہوں نے تمام محکموں کو نئے اضلاع کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے پر فوکس کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ نئے اضلاع کے لوگوں کی زندگی کو بہتر کرنا حتمی ہدف ہونا چاہیے۔