اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ نے نیوزی لینڈ میں آسٹریلوی دہشت گرد کے مساجد پر حملے کے بعد پاکستانی شہریوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 پاکستانی زخمی ہوئے جبکہ 9 لاپتہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق لاپتہ پاکستانی شہریوں میں ذیشان رضا ان کے والد اور والدہ شامل ہیں۔ راولپنڈی کا رہائشی 40 سالہ ہارون محمود، سہیل شاہد اور 26 سالہ سید اریب احمد کے بارے میں ابھی تک معلومات حاصل نہیں ہو سکیں، 34 سالہ سید جہانداد، 22 سالہ طلحہ نعیم اور ایبٹ آباد کے نعیم راشد کے بارے میں بھی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
زخمی ہونے والے ایک پاکستانی شہری کی شناخت 67 سالہ محمد امین ناصر کے نام سے گزشتہ روز ہوئی تھی اور تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے، محمد امین ناصر کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔