لاہور: (دنیا نیوز) لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آگئیں، پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا۔ مطالبات کی منظوری تک بیٹھے رہنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب بھر سے آئی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں دھرنا دے دیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے سکیلز اپ گریڈ کرنے اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا لاہور میں پہلا احتجاج نہیں، اس سے پہلے بھی احتجاج ہوتے رہے اور حکومت ان پر وعدے کرتی رہی۔ مظاہرین پر عزم ہیں کے اس بار مطالبات تسلیم ہونے کی تحریری یقین دہانی تک احتجاج جاری رہے گا۔
مال روڈ پر دھرنے سے ٹریفک بھی متاثر ہے، فیصل چوک کے اطراف متبادل راستوں سے ٹریفک گزاری جا رہی، مظاہرین اور شہریوں میں ٹریفک بندش پر تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔ پنجاب بھر سے آئی احتجاجی خواتین کو انتظار ہے کہ خاتون صوبائی وزیر صحت ان کے معاملات کا کب نوٹس لیں گی اور ان کے مسائل کب حل ہوں گے۔