پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع میں تعینات ڈاکٹروں کو کروڑوں روپے کی مراعات دینے کا فیصلہ کر لیا۔ قبائلیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں تعینات ڈاکٹروں کو پرکشش مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ایک ارب روپے سے زائد کا الاؤنس دیا جائے گا۔
کم پسماندہ قبائلی علاقوں میں تعینات ڈاکٹروں کو 50 ہزار روپے جبکہ زیادہ پسماندہ علاقوں میں 75 ہزار سے1 لاکھ روپے تک ماہانہ الاؤنس ملے گا۔ گریڈ 18 اور 19 کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو 1 لاکھ اور زیادہ پسماندہ علاقوں میں سپشلسٹ ڈاکٹروں کو ڈیڑھ لاکھ تک الاؤنس ملے گا۔
قبائلیوں نے بھی ڈاکٹروں کے لیے خصوصی مراعات دینے پر حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ الاؤنسز سے اب ڈاکٹر فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دیں گے۔
گریڈ 17 اور 18 کے ڈاکٹروں کو سالانہ 72 کروڑ 72 لاکھ، گریڈ 18 اور 19 کے ڈاکٹروں کو 21 کروڑ 5 لاکھ کی مراعات دی جائیں گی۔
قبائلی اضلاع میں ڈاکٹروں کے الاؤنسز میں اضافہ احسن اقدام ہے تاہم حکومت کو سابق فاٹا میں صحت کے شعبے کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دینی ہو گی۔