اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرتارپور راہداری منصوبے پر پاک بھارت فنی ماہرین کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے زیرو پوائنٹ مقام کا مشترکہ سروے کیا اور کچھ فنی امور پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت فنی ماہرین کی ملاقات کرتارپور راہداری کے زیرو پوائنٹ مقام پر ہوئی۔ ملاقات بہت مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ پاکستان اور بھارت نے تکنیکی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا اور سڑک کی سطح، سیلاب کی صورتحال سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔
پاکستان اور بھارتی ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ کرتارپور راہداری سے متعلق طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ کرتارپور راہداری کی فعالیت سے متعلق آئندہ اجلاس دو اپریل کو ہو گا۔