اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی ریٹنگ نیچے جا رہی ہے، بھارت میں الیکشن تک خطرہ ہے، پاکستان کو تیار رہنا چاہیے۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا نیب پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ہر کیس کھولنے کے بجائے نیب کو مخصوص مقدمات پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک پر 30 ہزار کروڑ روپے کا قرض چڑھانے والے قومی مجرم ہیں۔ شہباز شریف نے سرکاری جہاز استعمال کرکے 35 کروڑ روپے اڑا دیے۔ پہلے شریف خاندان شور مچا رہا تھا، اب زرداری خاندان شور مچا رہا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مڈل کلاس سے آئے ہیں، انہیں وقت ملنا چاہیے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی ریٹنگ نیچے جا رہی ہے، بھارت میں الیکشن تک خطرہ ہے، پاکستان کو تیار رہنا چاہیے۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا بڑا مسئلہ اسے دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط شروع میں سخت تھیں لیکن اب حالات کنٹرول میں ہیں۔ آئندہ تین ہفتوں میں ملک کے لیے اچھی خبر آئے گی، اسی اچھی خبر کی بنیاد پر ملکی مسائل حل ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، ہمیں دنیا کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔