مفتی تقی عثمانی پر فائرنگ، وزیراعظم کی شدید الفاظ میں مذمت

Last Updated On 22 March,2019 04:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش بروئے کار لائی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مفتی تقی عثمانی کی خیر وعافیت کی خبر پر اطمینان کا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں مولانا کے سیکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مفتی تقی عثمانی جیسے جید عالم دین ملک اور عالم اسلام کا اثاثہ ہیں۔ صوبائی حکومتیں علمائے کرام کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی جیسی قابل قدر ہستی پر حملہ گہری اور گھناؤنی سازش ہے۔ اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش بروئے کار لائی جائے۔