پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں صوبائی حکومت کے بی آر ٹی منصوبے نے شہریوں کا پارا چڑھا دیا۔ تاجر اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما سڑکوں پر نکل آئے۔ منصوبے میں تاخیر کے خلاف اور درپیش مسائل کے حوالے سے کار ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
پشاور میں مقامی قومی جرگے کی جانب سے بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کے خلاف یونیورسٹی روڈ پر کار ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے بی آر ٹی منصوبے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنمائوں سمیت تاجروں نے شرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے سے کاروبار کو نقصان پہنچا جبکہ تاخیر کے باعث مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
قومی جرگے کی ریلی میں شریک تاجروں نے حکومتی ٹیکسوں کو بھی مسترد کر دیا۔ ریلی چیمبر کے پاس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔